بنگلورو۔15جون(ایس او نیوز) دن دہاڑے بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ضلع پنچایت رکن کے قتل کا واقعہ دھارواڑ میں پیش آیا ہے۔ مقتول کی شناخت یوگیش گوڈا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حال ہی میں منعقدہ ضلع پنچایت انتخابات کے دوران جیل میں رہتے ہوئے ہی انتخابات کا سامنا کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والے یوگیش گوڈا کا فلمی انداز میں قتل کیا گیا ہے۔جس سے جڑواں شہر وں میں خوف ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ مقتول ہر دن دھارواڑ میں موجود اپنے جم آیا کرتا تھا۔ جیسے ہی آج وہ جم پہنچا تاک میں موجود شرپسندوں نے تیز دھاری ہتھیارات سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ، یہ واقعہ صبح ساڑھے سات بجے پیش آیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چند سال قبل یوگیش گوڈا کے بھائی ادے کا بھی قتل کردیاگیا تھا، جس کے بعد سے وہی جم چلایا کرتاتھا۔ حملے کے دوران جم میں موجود افراد خوف سے بھاگ نکلے ۔اطلاع ملتے ہی ہبلی دھارواڑ کے پولیس کمشنر پانڈو رنگا رانے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔ ضلع پنچایت انتخابات کے موقع پر یوگیش گوڈا کے ذریعہ پرچہ¿ نامزدگی داخل کرتے وقت ایک پرانے معاملے کی تحت پولیس نے اسے گرفتار کیاتھا، اور جیل میں رہتے ہوئے ہی اس نے کامیابی حاصل کی تھی۔اس خصوص میں اپ نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس معاملے پر وزیر برائے کانکنی وضلعی نگران کار ونئے کلکرنی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایاکہ اس قتل سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور نہ ہی مقتول کے ساتھ ان کی کوئی ذاتی دشمنی تھی۔ تاہم انتخابات کے موقع پر الزام تراشیاں ضرور ہوئی تھیں۔ 35 سالہ یوگیش گوڈا سرگرم سیاست میں تھا، 2013میں مارڈگی حلقہ سے تعلقہ پنچایت انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار کامیابی حاصل کرنے کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے ذریعہ اس نے صدر کا عہدہ بھی حاصل کیاتھا۔ اور 2016کے انتخابات میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ہیبلی حلقہ سے ضلع پنچایت انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔انتخابات کے موقع پر اس کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر اور رکن پارلیمان پرہلاد جوشی نے ڈپٹی کمشنر دفتر کے روبرو احتجاج بھی کیاتھا۔ قتل کیلئے سیاسی دشمنی کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہاہے۔